اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کے روز نیروبی میں کینیا کی، اپنی ہم منصب امینہ محمد کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں، جوہری مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری سمجھوتے میں ایران کے اس حق کا تحفظ ضروری ہے کہ تہران، پرامن جوہری توانائی کے استعمال کا حق رکھتا ہے- انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو جوہری سمجھوتے کی ضرورت ہے اور گروپ پانچ جمع ایک بھی اسی نتیجے پر پہنچا ہے کہ ایران کے جوہری مسئلے کے حل کیلئے بہترین راہ، سمجھوتے کا حصول ہے- ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ جوہری سمجھوتے کی مخالفت کرنے والوں کو اس حقیقت کو درک کرنا ہوگا کہ مسئلے کا حل صرف سمجھوتے کے حصول میں ہے- انھوں نے افریقہ کو ایران کا اہم ترین اسٹریٹیجک شریک قرار دیا اور کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی ہمیشہ افریقہ کے ساتھ تعلقات پر استوار رہی ہے- انھوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی، مشرق و مغرب نواز ہونے کے بجائے عالمی سطح پر ہمہ گیر ہونی چاہیئے- اس پریس کانفرنس میں کینیا کی وزیرخارجہ نے بھی کہا کہ ان کا ملک، جوہری توانائی کے پر امن استعمال کو ایران کا حق تسلیم کرتا ہے اور ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جاری مذاکرات کے عمل کی حمایت کرتا ہے- انھوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ کینیا کے خوشگوار تعلقات ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ یہ تعلقات تمام شعبوں خاصطور سے اقتصادی شعبے میں زیادہ سے زیادہ فروغ پائیں گے- واضح رہے کہ ایران کے وزیرخارجہ نے اتوار کے روز افریقہ کے چار ملکوں کا اپنا دورہ کینیا سے شروع کیا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲